احمد شہزاد نے نامور کھلاڑیوں سے متعلق نیا پنڈورا باکس کھول دیا

قومی کرکٹر احمد شہزاد نے پاکستان کی موجودہ ٹیم کے نامور کھلاڑیوں سے متعلق نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف 120 رنز کا ہدف حاصل نہ کرنے پر قومی کھلاڑی بالخصوص بلے باز شدید تنقید کی زد میں آگئے ہیں۔

احمد شہزاد نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی خبریں یہ لوگ پھیلاتے ہیں کہ بابر اعظم رو رہے ہیں،  رضوان نے تین دن سے کھانا نہیں کھایا، شاداب کو چار دن سے نیند نہیں آرہی، ایسا کچھ نہیں ہوتا، شاپنگ چل رہی ہوتی ہے، ہم بھی اسی ٹیم سے منسلک رہ چکے ہیں، یہ سب چیزیں عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے ہوتی ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے بابر اعظم اور محمد رضوان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ دونوں کھلاڑیوں نے گزشتہ چار سے پانچ سالوں میں سوشل میڈیا پر پیسہ لگا کر اپنے قد اوپر کروا لیے اور لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکی۔

احمد شہزاد نے کہا کہ جب بھی کسی بڑی ٹیم سے مقابلہ ہو اور پریشر بڑھے تو بابر اعظم اور محمد رضوان اسی طرح آؤٹ ہو جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی نئے آنے والے کھلاڑی کی تربیت نہیں کی، دنیا میں نئے آنے والوں کو تیار کیا جاتا ہے لیکن یہاں پر نئے آنے والوں کو ڈھال بنا کر استعمال کیا گیا، اعظم خان اور صائم ایوب کے خلاف مہم چلوائی گئی، اپنا سارا ملبہ ان پر ڈالا جس کے بعد عوام ان پر تنقید کرتی ہے۔

Comments





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں