لاہور(افضل افتخار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے، میرٹ کے خلاف اگر وزیراعظم بھی سفارش کرے تو نہ مانیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے قذافی سٹیڈیم کی تعمیرنو کاسنگ بنیاد رکھ دیا۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے وزیر اعظم پاکستان کو نئے اسٹیڈیم کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسٹیڈیمز کی بہتری کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قذافی سٹیڈیم میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں، کرکٹ سٹیڈیمز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوشش جاری ہے، کرکٹ گراؤنڈز جدید طرز پر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے، محسن نقوی سے کہا ہے کہ ٹیم کی بہتری پر توجہ دیں۔ کرکٹرز کا انتخاب بھی میرٹ پر کریں، پاکستان کرکٹ ٹیم کی تشکیل نو کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ کرکٹ اور ہاکی میں پاکستان کو دوبارہ اپنا مقام بنانا ہے، 80 اور 90 کی دہائی میں پاکستان کرکٹ اور ہاکی میں بہت آگے تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو کرکٹ سے بہت لگاؤ ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کی تشکیل نو اہم کامیابی ہوگی۔خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے لیے قذافی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے۔ قذافی سٹیڈیم کی مین بلڈنگ کو جون میں گرا دیا گیا تھا جس کا سارا ملبہ بھی اٹھا دیا گیا ہے، مین بلڈنگ کو گراؤنڈ کے قریب کیا جائے گا۔
چئیر مین پی سی بی محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاتھا کہ کچھ عناصر کی خواہش تھی کہ چیمپینز ٹرافی پاکستان میں نہ ہو۔ آئی سی سی نے چیمپینز ٹرافی کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے، ایف ڈبلیو او نے سٹیڈیم کے پرانے سٹرکچر کو گرایا،نئے سٹیڈیم کی تعمیر کا عمل پانچ ماہ میں مکمل کریں گے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ پی سی بی کے قریب ایک فائیو سٹار ہوٹل بھی بنانے جارہے ہیں جس میں ایک ٹنل ہوگی جو کھلاڑیوں کو ہوٹل سے سٹیڈیم بحفاظت پہنچنے میں مددگارثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا ٹنل کے متبادل راستے سے کھلاڑیوں کی آمدورفت کی وجہ سے ٹریفک کے مسائل بھی کم ہوں گے۔
چئیر مین پی سی بی محسن نقوی نے مزید کہا اسلام آباد میں بھی ایک جدید سٹیڈیم بنائیں گے،پاکستان بھر میں 20 اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کرنے کا منصوبہ ہے۔قذافی سٹیڈیم کے عمران خان اور فضل محمود انکلوژر میں سیٹوں کی گنجائش بڑھائی جائے گی۔ شائقین کو بہتر ویو کے لیے نئی اسکرینیں بھی نصب کی جائیں گی۔