بنگلہ دیش سے شرمناک شکست کے بعد دوسرے میچ کیلئے پاکستانی ٹیم میں 2 بڑی تبدیلیاں کر دی گئیں 



لاہور (ڈیلی پاکستان آ لائن )بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم میں 2 نئے کھلاڑیوں کو شامل کرلیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی” جیونیوز” کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان کے مسٹری اسپنر ابرار احمد اور کامران غلام بنگلا دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل ہوگئے ہیں۔ابرار احمد اور کامران غلام کو پہلے ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل ٹیسٹ سکواڈ سے ریلیز کردیا گیا تھا اور وہ اسلام آباد کلب میں بنگلہ دیش ‘اے’ کے خلاف 4 روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کے لیے کھیل رہے تھے۔

اس کے علاوہ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بیٹے کی پیدائش کے لیے کراچی آئے تھے، انہوں نے بھی اب راولپنڈی میں دوبارہ سکواڈ کو جوائن کرلیا ہے۔عامر جمال، جنہیں این سی اے میں اپنی فٹنس پر کام کرنے کے لیے سکواڈ سے باہر کیا گیا تھا،  انہیں بھی واپس بلا لیا گیا ہے جب کہ دوسرے ٹیسٹ میں ان کی شرکت فٹنس کلیئرنس سے مشروط رہے گی۔

پہلے ٹیسٹ میں فاسٹ بولرز کی کارکردگی سے سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ٹیم انتظامیہ بھی خوش نہیں تھی۔پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے 3 ستمبر تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو بنگال ٹائیگرز نے 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں