ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا سب سے بڑا پاک, بھارت ٹاکرا آج نیو یارک میں ہو گا  



نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن) آئی سی سی ورلڈ کپ 2024ء کے سب سے بڑے ٹاکرے میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آج آمنے سامنے آئیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 19 ویں میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پنجہ آزمائی کریں گی۔

پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام ساڑھے 7 بجے شروع ہو گا، امریکہ سے شکست کے بعد قومی ٹیم پر کافی دباؤ ہے، پاکستان کو میگا ایونٹ کے اگلے مرحلے میں رسائی کیلئے بھارت کو ہر صورت ہرانا ہو گا، آج کا میچ ہارنے کی صورت میں گرین شرٹس کا سپر 8 کا سفر مشکل ہو جائے گا۔

بڑے میچ سے قبل پاکستانی کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس کی اور میدان میں اپنا خون گرمایا، کوچز کی نگرانی میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کی گئیں، آج ہونے والے اہم میچ کیلئے قومی ٹیم میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے، اعظم خان کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ کسی دوسرے کھلاڑی کو موقع دیا جائے گا۔





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں