کار ڈرائیورنگ سیکھنے کے لیے اسٹیئرنگ سنبھالنے والی خاتون کو موٹر سائیکل سوار نے گولی مار دی

کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال میں دو روز قبل بر لبِ سڑک خاتون کے قتل کا ایک ہولناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

کراچی کے علاقے گلشن اقبال، بلاک 6 میں 26 مئی کو آسیہ نامی خاتون کو اس وقت گولی کا نشانہ بنایا گیا جب وہ اسٹئیرنگ کے سامنے بیٹھ کر گاڑی چلانا سیکھ رہی تھی، جب کہ اس کا بھائی بھی ساتھ ہی موجود تھا۔

پولیس کے تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ خاتون پر فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہو سکتا ہے، مقتولہ آسیہ اپنے بھائی عبداللہ بیگ سے کار چلانا سیکھ رہی تھی، اس دوران ایک موٹر سائیکل سوار قریب آیا، پستول نکال کر فائر کیا اور فرار ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق مقتولہ آسیہ کے کار چلانے سے چند منٹ پہلے ہی اس کا بھائی کار چلا رہا تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

دوسری طرف گلشن اقبال پولیس نے قتل کا مقدمہ خاتون کے بھائی عبداللہ بیگ کی مدعیت میں دفعہ 302 کے تحت درج کر لیا ہے، سافٹ ویئر انجینئر عبداللہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ ’’اتوار کی شب میں فیملی کے ہمراہ نانی کے گھر گیا تھا، راستے میں بہن کی خواہش پر اسے گاڑی چلانے دی۔‘‘

بھائی نے بتایا کہ گھر جانے کے لیے روانہ ہونے کے بعد راستے میں ایک موٹر سائیکل سوار نے فائرنگ کر دی، جس سے ہمشیرہ جاں بحق ہو گئیں۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہیلمٹ پہنے مسلح شخص نے موٹر سائیکل پر چلتے چلتے ایک فائر کیا اور سیدھا نکلتا چلا گیا، جس سے ایسا لگتا ہے کہ قاتل کوئی شارپ شوٹر تھا۔

واضح رہے کہ کراچی میں اس سے قبل رواں برس ٹارگٹ کلنگ کی 18 وارداتیں ہو چکی ہیں، سی ٹی ڈی نے فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں 2 دہشت گرد گرفتار کیے تھے، جنھوں نے ڈکیتی کے انداز میں ٹارگٹ کلنگز کا اعتراف کیا تھا، آسیہ کا قتل ٹارگٹ کلنگ کی 19 ویں واردات ہے۔

Comments





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں