بھارتی کرکٹر گوتم گھمبیر کے پاس کیا کچھ ہے، کتنے اثاثوں کے مالک ہیں؟ تفصیلات سامنے آگئیں



نئی دہلی( مانیٹرنگ ڈیسک) گوتم گھمبیر بھارت کے مایہ ناز کرکٹر ہیں جنہوں نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد سیاست میں بھی قسمت آزمائی کی۔ انہوں نے اپنی تمام تر کامیابیوں کے ساتھ ایک پرتعیش زندگی گزاری۔ ان کے پاس دہلی میں ایک عالیشان گھرہے اور کئی لگژری کاریں ہیں۔
انڈیا ٹائمز کے مطابق 2003ء سے 2016ء تک بھارتی کرکٹ ٹیم کے کلیدی کھلاڑی رہنے والے گوتم گھمبیر کی دولت کا تخمینہ 205کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ ان کی آمدنی کا زیادہ تر حصہ انٹرنیشنل کرکٹ، آئی پی ایل کنٹریکٹس اور اشتہارات سے آتا ہے۔ 
اس وقت گوتم گھمبیر کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے ساتھ وابستہ ہیں اورغیرمصدقہ ذرائع کے مطابق وہ کلکتہ نائٹ رائیڈرز سے ایک خطیر رقم بطور تنخواہ لے رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان کی تنخواہ آئی پی ایل 2024ء کے سب سے مہنگے کھلاڑی میچل سٹارک سے بھی زیادہ ہے۔ میچل سٹارک کو اس بار 24.75کروڑ روپے میں خریدا گیا ہے جبکہ گوتم گھمبیر مبینہ طور پر 25کروڑ روپے تنخواہ لے رہے ہیں۔
گوتم گھمبیر نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد 2019ء میںسیاست میں قدم رکھا اور وزیراعظم نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شمولیت اختیار کی۔ وہ بی جے پی کے ٹکٹ پر مشرقی دہلی سے لوک سبھا کے رکن منتخب ہوئے۔
گوتم گھمبیر نے الیکشن لڑنے کے لیے جو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے ان میں اپنی سالانہ آمدنی 12.40کروڑ ظاہر کی۔ ان کی اہلیہ نتاشا کی آمدنی 6.15لاکھ بتائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گوتم گھمبیر نے آئی پی ایل سیزن شروع ہونے سے قبل مارچ 2024ء میں سیاست کو خیرباد کہہ دیا۔ 





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں