آئی سی سی کے نئے قوانین کیا ہیں اطلاق کب اور کہاں ہوگا؟شائقین کرکٹ کیلئے خبرآگئی



دبئی (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ چند روز میں شروع ہونے جا رہا ہے، اس سال کا ٹورنامنٹ مختلف ہے کیونکہ پہلی بار دنیائے کرکٹ کے کچھ میچ امریکا میں بھی کھیلے جائیں گے۔اس ٹورنامنٹ میں پہلی بار ’اسٹاپ کلاک‘ کا استعمال کیا جائے گا، اس کا مطلب ہے کہ بولنگ ٹیم کو ایک اوور کے اختتام کے 60 سیکنڈ کے اندر دوسرا اوور شروع کرنا ہوگا۔

آج نیوز کے مطابق یہ ٹورنامنٹ 2 سے 29 جون 2024 تک امریکا اور ویسٹ انڈیز میں منعقد کیا جا رہا ہے، یہ ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا نواں ایڈیشن ہے اور اس بار اس میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی۔آئی سی سی کے بنائے گئے قوانین کے مطابق غیر معمولی حالات کے علاوہ میچ تین گھنٹے 10 منٹ میں ختم ہونا چاہیے۔ اس کا مطلب ہے کہ ہر اننگز کے لیے وقت ایک گھنٹہ 25 منٹ اور وقفہ 20 منٹ ہے۔

ہر اننگز کے پہلے چھ اوورز میں پاور پلے ہوگا، یعنی اس دوران فیلڈنگ سے متعلق پابندیاں ہوں گی۔ ہر ٹیم کو میچ میں دو ریویوز یعنی امپائر کے فیصلوں کو چیلنج کرنے کے مواقع ملیں گے۔میچ ٹائی ہونے کی صورت میں سپر اوور کے ذریعے نتیجہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔ اس کا مطلب ہے کہ ہر ٹیم کو چھ گیندیں کھیلنی ہوں گی۔ اگر سپر اوور بھی ٹائی ہوا تو نتیجہ کا فیصلہ کرنے کے لیے سپر اوور دوبارہ کھیلا جائے گا۔

ہمیشہ کی طرح اس ٹورنامنٹ میں بھی بارش کی صورت میں نتیجہ حاصل کرنے کے لیے ڈک ورتھ لوئیس طریقہ کار استعمال کیا جائے گا لیکن اس سسٹم کو لاگو کرنے کے لیے کچھ شرائط ہیں۔گروپ مرحلے اور سپر ایٹ مرحلے میں ڈی ایل ایس کے ذریعے فیصلہ اسی وقت لیا جا سکتا ہے جب دونوں ٹیمیں کم از کم پانچ اوورز کھیل چکی ہوں جبکہ ناک آؤٹ میچوں میں ضروری ہو گا کہ دونوں ٹیموں نے کم از کم دس اوورز کھیلے ہوں۔

پہلے سیمی فائنل اور فائنل کے لیے ریزرو ڈے رکھا گیا ہے تاہم دوسرے سیمی فائنل کے لیے صرف 250 منٹ کا اضافی وقت منظور کیا گیا ہے۔





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں