وفاقی وزیر احسن اقبال سے بغیر مشاورت ترقیاتی بجٹ کی منظوری کا انکشاف

اسلام آباد : وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال سے بغیر مشاورت ترقیاتی بجٹ کی منظوری کا انکشاف سامنے آیا۔

تفصیلات کے مطابق احسن اقبال نے ترقیاتی بجٹ اور سالانہ پلان کی منظوری سے پہلے مشاورت نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان نے اے پی سی سی کیلئے بھی وفاقی وزیر احسن اقبال کو اعتماد میں نہیں لیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ 31 مئی کو سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں 1221 ارب روپے کے پی ایس ڈی پی کی منظوری دی گئی ، رواں سال 2.4 فیصد جی ڈی پی گروتھ اور اگلے سال کیلئے 3.6 فیصد کے ہدف پر بھی مشاورت نہیں ہوئی۔

قانون کے مطابق بجٹ یا پالیسی سازی کیلئے وفاقی وزیر کی منظوری ضروری ہے تاہم سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس دوبارہ بلائے جانے کا امکان ہے۔

قومی اقتصادی کونسل تشکیل نہ پانے کی وجہ سے تاحال اجلاس نہ بلایا جا سکا ، پی ایس ڈی پی اور سالانہ پلان کی وزیراعظم کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل سے منظوری لی جائے گی۔

یاد رہے آئی ایم ایف اہداف پورے کرنے کیلئے ترقیاتی بجٹ پر ہر سال کٹوتی کا انکشاف ہوا تھا، بجٹ کٹوتی سے صحت، اعلیٰ تعلیم سمیت سماجی شعبے، انفرااسٹرکچر کے کئی منصوبے متاثر ہوئے ہیں۔

پی ایس ڈی پی کے پہلے سے جاری منصوبوں کیلئے 9ہزار 800 ارب روپے درکار ہے جب کہ آئندہ مالی سال کیلئے 1221 ارب روپے کا وفاقی پی ایس ڈی پی تجویز ہے۔

Comments





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں