وزیراعظم شہباز شریف چین کے دورے پر روانہ

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف چین کے دورے پر روانہ ہوگئے ، جہاں وہ بزنس فورم میں شرکت اور جدید آئی ٹی کمپنیوں کا دورہ کریں گے۔

وزیر اعظم محمد شہباز شریف دورہ چین کیلئے لاہور سے روانہ ہوگئے ، پہلے مرحلے میں چین کے شہر شین زن جائیں گے، یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔

وزیراعظم چینی شہرشینجین میں پاک چین بزنس فورم میں شرکت کریں گے اور جدیدآئی ٹی کمپنیوں کادورہ بھی کریں گے، اس موقع پر 79پاکستانی کمپنیوں کےنمائندوں کی چینی کمپنیوں سے ملاقات ہوگی۔

دورے کے دوران پاک چین کمپنیوں میں تعاون ،شراکت داری کے معاہدوں پردستخط ہوں گے اور سی پیک کے دوسرےمرحلےمیں برآمدات،سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔

پاکستان چائنا بزنس راؤنڈ ٹیبل کانفرنس پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے تقریباً 300 چینی تنظیموں، چیمبرز اور کمپنیوں کے ساتھ براہ راست بات چیت کرنے کے لیے ایک قابل عمل پلیٹ فارم تیار کرتی ہے، یہ معاہدے کرنے اور طویل مدتی شراکت داری کے قیام میں سہولت فراہم کرنے کا بہترین موقع میسر آئے گا۔

دونوں ممالک میں بے پناہ باہمی فوائد کو جنم دینے کی صلاحیت موجود ہے، دورے سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط کاروباری شراکت داریاں قائم کرنے سے طویل مدتی فوائد حاصل ہوں گے۔

شین زن کو اقتصادی پاور ہاؤس کی حیثیت حاصل ہے، دورہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے مضبوط عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔

سال 2023 میں شین ژن کی جی ڈی پی گروتھ 6 فیصد سے زیادہ رہی، یہ متاثر کن نمو پاکستانی کمپنیوں کے لئے بے پناہ مواقع پیش کرتے ہوئے فروغ پذیر کاروباری ماحول کی نشاندہی کرتی ہے۔

دورے کے دوران معروف ٹیک کمپنیوں تک رسائی ملے گی اور یہ دورہ پاکستانی کاروباری اداروں کو ہواوے، ٹینسنٹ، بی وائی ڈی اور زیڈ ٹی ای جیسے سرکردہ ٹیک کمپنیز سے مزید مربوط ہونے کا براہ راست پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے، اس سے ممکنہ مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پاکستانی مصنوعات اور خدمات کے لیے مارکیٹ تک رسائی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

وزیراعظم چین میں بڑے پیمانے پر کاروباری شراکت داری کے خواہاں ہیں اور خود ان کی موجودگی چین کے ساتھ کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانے پر پاکستان کی سنجیدگی کو واضح کرتی ہے۔

اس اعلیٰ سطحی مصروفیت سے چینی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کی جانب سے نمایاں دلچسپی پیدا ہونے کا قوی امکان ہے۔

مجموعی طورپر وزیراعظم کا شین ژن کا دورہ پاکستان کے لئے منفرد نوعیت کا حامل ہو گا،جہاں حکومتی عہدیداروں بالخصوص چینی صدر کے ساتھ ملاقات کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے پرامن اور قابل عمل ماحول مہیا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

دورے میں پاکستان کوچینی کمپنیوں سے مختلف شعبوں میں نمایاں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کا موقع ملے گا، پاکستان کی اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مہارت تک رسائی حاصل ہونے کے ساتھ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ ہوگا۔

Comments





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں