متنازع ٹوئٹ کیس میں رؤف حسن اور بیرسٹر گوہر کے بیانات قلمبند

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے کیے گیے متنازع ٹوئٹ سے متعلق کیس میں رؤف حسن اور بیرسٹر گوہر نے بیانات قلمبند کروا دیے۔

متنازع ٹوئٹ کیس میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو وفاقی تحقیقات ایجنسی (ایف آئی اے) نے طلبی کے نوٹسز جاری کیے تھے۔ ایف آئی اے سائبر کرائم نے رؤف حسن سے 4 گھنٹے تک تفتیش کی جبکہ بیرسٹر گوہر سے 2 گھنٹے تک سوالات کیے۔

تفتیشی ٹیم نے دونوں رہنماؤں کو 21 سوالات پر مشتمل سوالنامہ بھی دیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں سے پوچھا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ ان کی غیر موجودگی میں کون چلاتا ہے اور کس کی اجازت سے مواد اپ لوڈ کیا جاتا ہے؟ متنازع ٹوئٹ کس کی اجازت سے اپ لوڈ کیا گیا تھا اور اس کو ابھی تک ڈیلیٹ نہ کرنے کی کیا وجوہات ہیں؟

رؤف حسن اور بیرسٹر گوہر نے الگ الگ سوالات کا جواب نامہ تفتیشی کو جمع کروا دیا اور بعدازاں بیان الگ سے بھی ریکارڈ کروایا۔ تفتیشی ٹیم دونوں رہنماؤں کے بیانات کا جائزہ لینے کے بعد دوبارہ طلب کرے گی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں نے ایف آئی اے کو دوبارہ طلب کرنے پر پیش ہونے کی یقین دہانی کروائی۔ تفتیش کے بعد رؤف حسن میڈیا کے سوالوں کا جواب دیے بغیر روانہ ہوگئے۔

Comments





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں