نواز شریف کی طرح مودی کو بھی الیکشن میں دھچکا لگا، مشاہد حسین سید

اسلام آباد: سابق سینیٹر اور سینئر سیاستدان مشاہد حسین سید کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی طرح بھارت میں نریندر مودی کو بھی الیکشن میں دھچکا لگا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’خبر‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے لوک سبھا انتخابات پر تبصرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یک طرفہ الیکشن کی امید تھی اور بھارت میں بھی اپوزیشن کو کچھ سمجھا نہیں جا رہا تھا۔

مشاہد حسین سید نے کہا کہ کم سے کم بھارت میں الیکشن کمیشن مضبوط ہے کسی نے وہاں دھاندلی کا لفظ استعمال نہیں کیا، بھارت کی کامیابی کا راز ہے یہ ہے کہ وہاں ادارے بنے ہوئے ہیں اور رولز آف دی گیم کو فالو کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں نریندر مودی کی ہوا نکل گئی اور انہیں اب اتحادیوں پر دارومدار کرنا پڑ رہا ہے، مودی کے اتحادی رہنما پاکستان اور مسلم مخالف نہیں ہیں لہٰذا اب مودی کے پاکستان اور مسلمانوں سے متعلق رویے پر فرق پڑے گا یہ بہت بڑی تبدیلی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ حالات ایک جیسے نہیں رہتے خود کو عقل کل نہیں سمجھنا چاہیے، سب کو جگہ دیں اور ساتھ لے کر چلیں۔

سینئر سیاستدان نے کہا کہ پاکستان کی سیاست ایک تکون میں گھوم رہی ہے ریاستی طاقت، عدلیہ اور قیدی 804، موجودہ سیاسی منظر نامے میں حکومت اور پارلیمان غیر متعلقہ نظر آ رہی ہیں، 8 فروری سے عوامی طاقت کو دبانے کی ناکام کوشش ہو رہی ہے۔

پروگرام میں مشاہد حسین سید نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا چین جانا بہت اچھی خبر ہے، امریکا، مغرب اور آئی ایم ایف نہیں پاکستان کا اصل دوست چین ہے۔

Comments





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں