پی ٹی آئی رہنماؤں کو ضمانت نہ ہونے والے مقدمات میں گرفتار کرنے کی تیاریاں

اسلام آباد: وفاقی پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف شکنجہ سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا، بانی پی ٹی آئی اور دیگر رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات کی فہرست تیار کر لی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کو ضمانت نہ ہونے والے مقدمات میں گرفتار کرنے کی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔

پولیس رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف 42 مقدمات درج ہیں، جن میں سے 19 میں ضمانت نہیں لی گئی، شاہ محمود قریشی نے 16 میں سے 3 کیسز میں ضمانت نہیں لی، حماد اظہر کے خلاف 3 مقدمات ہیں جن میں سے کسی میں بھی انھوں نے ضمانت نہیں لی، اور ایک میں وہ عدالتی مفرور ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مراد سعید بھی ایک مقدمے میں مفرور ہیں، جب کہ 8 مقدمات میں سے 2 میں انھوں نے ضمانت نہیں لی، اسد عمر بھی 3 مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں، اور ان کے خلاف مجموعی طور پر 21 کیسز ہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور مختلف تھانوں میں درج 18 مقدمات میں ملزم نامزد ہیں، ان کو 2 کے علاوہ دیگر تمام مقدمات میں ضمانت مل چکی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی اسد قیصر نے 4 اور علی نواز اعوان نے 5 کیسز میں ضمانت نہیں کرائی ہے۔

Comments





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں