انگلینڈ نے پی ایس ایل کے سیزن 10کی میزبانی سے انکار کر دیا



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) انگلینڈ نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے سیزن 10کی میزبانی سے انکار کر دیا۔ ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی طرف سے پی ایس ایل 10کے پلے آف میچز اور فائنل کسی دوسرے ملک میں کرانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس حوالے سے انگلینڈ کو فیورٹ قرار دیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل فرنچائز مالکان نے جب اس حوالے سے اخراجات وغیرہ کے متعلق دریافت کیا تو انہیں بتایا گیا کہ ایک عہدیدار وہاں جا کر معاملات کا جائزہ لے گا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ دنوں فرنچائز مالکان کو جواباً آگاہ کیا گیا ہے کہ انگلینڈ نے میزبانی سے ہی انکار کر دیا ہے۔ اس کی وجہ شیڈول کا تصادم بتائی جا رہی ہے۔
 بتایا گیا ہے کہ جن تاریخوں میں پی ایس ایل 10کے میچز ہو رہے ہیں، ان دنوں انگلینڈ کے سٹیڈیمز خالی نہیں ہیں۔ انگلینڈ کے انکار کے بعد پی سی بی انتظامیہ اب میچز متحدہ عرب امارات میں کرانے کے متعلق غور کر رہی ہے تاہم وہاں مئی کے مہینے میں گرمی بہت زیادہ ہوتی ہے۔ پی ایس ایل کے لیے 10اپریل سے 25مئی کی تاریخیں تجویز کی گئی ہیں۔ انہی دنوں انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) بھی جاری ہو گی۔چنانچہ فرنچائز مالکان کو ایک یہ خدشہ بھی ہے کہ ان دنوں میں اہم غیرملکی کھلاڑی دستیاب نہیں ہوں گے۔





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں