بھارت کی پروفیشنل شوٹر مانو بھاکر اور نیزہ باز نیرج چوپڑا کی شرماتے ہوئے ایک دوسرے سے ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل



نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کی پروفیشنل شوٹر مانو بھاکر اور نیزہ باز نیرج چوپڑا کی شرماتے اور لجاتے ہوئے ایک دوسرے سے ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور لوگوں نے انہیں ایک دوسرے کا ’کرش‘ قرار دے ڈالا۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق نیرج چوپڑا پیرس اولمپکس 2024ءمیں دوسرے نمبر پر رہے اور سلور میڈل جیتا جبکہ مانو بھاکر نے شوٹنگ کے مقابلے میں کانسی کا تمغہ جیتا ہے۔
نیرج چوپڑا اور مانو بھاکر کی وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں ایک دوسرے سے گفتگو کرتے ہوئے شرما رہے ہوتے ہیں۔ ان کی یہ ویڈیو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لارڈ امی کانت نامی صارف کی طرف سے پوسٹ کی گئی اور کیپشن میں لکھا گیا کہ ”نیرج چوپڑا اور مانو بھاکر ایک دوسرے سے اس طرح گفتگو کر رہے ہیں جیسے ایک دوسرے کو پسند کرتے ہوں۔ مجھے لگ رہا ہے کہ یہ بھارت کی نئی ’سپر ایتھلیٹ‘ جوڑی ہو گی۔“
ایک اور ایکس صارف کی طرف سے نیرج چوپڑا اور مانوبھاکر کی والدہ کی ملاقات کی ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے، جس کے کیپشن میں صارف لکھتا ہے کہ ”ممی جی کو لڑکا پسند ہے اپنی بیٹی کے لیے۔“ اس ویڈیو پر کمنٹس میں ایک صارف نے لکھا ہے کہ ”کھا میرے سر کی قسم کہ میری بیٹی سے شادی کرے گا اور پیار کرتا ہے۔“ ایک اور شخص نے لکھا کہ ”مانو بھاکر کی ممی نے سلور اور کانسی دونوں تمغے جیت لیے۔“
ان دو ویڈیوز سے سوشل میڈیا پر افواہوں کا ایسا بازار گرم ہوا ہے کہ نیرج چوپڑا اور مانو بھاکر کی شادی تک کی بات چل نکلی، جس پر مانو بھاکر کے والد رام کرشن بھاکر کو سامنے آ کر اس افواہ کی تردید کرنی پڑی۔ رام کرشن بھاکر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”میری بیٹی ابھی بہت کم عمر ہے۔ اب اس کی شادی کی عمر ہی نہیں ہوئی چنانچہ فی الحال ہم اس کی شادی کے متعلق سوچ بھی نہیں رہے۔“





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں