وزیر اعلیٰ کے پی کا ارشد ندیم کو 50 لاکھ روپے اپنی جیب سے دینے کا اعلان



پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے لیے اپنی جیب سے 50 لاکھ روپے بطور انعام دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد ندیم ہمارا فخر اور ہماری شان ہے، انھوں نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

حیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں ضم اضلاع انٹر اکیڈمیز گیمز کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں علی امین کا کہنا تھا کہ ہم عوامی خزانے کے امین ہیں عوام کا پیسہ صرف عوام پر خرچ کریں گے، اس لیے میں ارشد ندیم کے لیے اپنی جیب سے 50 لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے ارشد ندیم کو دعوت دی کہ وہ تین دن کے لیے ہمارے مہمان بنیں اور خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو بھی جیولین تھرو میں تربیت دیں۔ وزیر اعلیٰ نے ضم اضلاع انٹر اکیڈمیز گیمز کے فاتح اور رنر پ کھلاڑیوں کے لیے بھی مجموعی طور پر 30 لاکھ روپے انعامات کا اعلان کیا اور واضح کیا کہ یہ انعامی رقم محکمہ کھیل کی جانب سے دی جانے والی انعامی رقم کے علاوہ ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی تمام سہولیات اور مواقع فراہم کرے گی، ہمارا ٹارگٹ نوجوانوں پر سرمایہ کاری ہے، اور امید ہے نوجوان دنیا میں ملک اور صوبے کا نام روشن کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ، اسے ضائع نہیں ہونے دیں گے، کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو مقابلوں کے لیے بیرون ملک بھیجیں گے۔





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں