گورنر ہاؤس میں جشن آزادی کی تقریب میں گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی شرکت



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)کراچی میں گورنر ہاؤس میں جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے ، جس میں پیرس اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے بھی شرکت کی۔ گورنر ہاؤس پہنچنے پر گورنر کامران ٹیسوری نے قومی ہیرو کا شاندار استقبال کیا۔

بدھ کو منعقدہ تقریب میں قومی ہیرو ارشد ندیم اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری اسٹیج پر بیٹھ کر ملی نغموں سے محظوظ ہوئے۔

اس سے قبل اولمپئن ارشد ندیم خصوصی طیارے کے ذریعے شہر قائد کے فیصل بیس پہنچے۔ قومی ہیرو کے ساتھ ان کے کوچ بھی تھے۔ ارشد ندیم اور ان کے کوچ فیصل بیس سے جشن آزادی کی تقریب میں شرکت کیلئے گورنر ہاؤس گئے، جہاں گورنرسندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے قومی ہیرو کا شاندار استقبال کیا گیا۔ گورنرسندھ کی جانب سے ارشد ندیم کو تقریب میں شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ ارشد ندیم نے گزشتہ دنوں اولمپک ریکارڈ کے ساتھ جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔

مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا۔ جس کے بعد سے قومی ہیرو ارشد ندیم کو انعام و اکرام سے نوازا جا رہا ہے۔

منگل کو ارشد ندیم وزیراعظم محمد شہباز شریف کی دعوت پر وزیراعظم ہاؤس گئے تھے ، جہاں ان کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر ان کیلئے 15 کروڑ نقد انعام اور ہلال امتیاز کا اعلان کیا گیا تھا جب کہ وزیراعظم نے ارشد ندیم کے کوچ کیلئے بھی ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل منگل کے روز ہی پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی بڑے انعامات سے نوازا۔ مریم نواز نے میاں چنوں میں ارشد ندیم کے گھر جاکر انھیں 10 کروڑ روپے کا چیک پیش کیا۔ اور ساتھ ہی ہنڈا سوک کار کی چابی بھی انھیں پیش کی جبکہ گولڈ میڈلسٹ ایتھلیٹ کے کوچ سلمان اقبال بٹ کو بھی پچاس لاکھ روپے کا چیک دیا۔





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں