ججز سے متعلق نامناسب الفاظ کا استعمال، وزیراعظم کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر دلائل طلب

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کے ججز کے بارے میں نامناسب الفاظ کا استعمال کرنے پر توہین عدالت کی درخواست کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں دلائل طلب کر لیے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف کے ججز کے بارے میں نامناسب الفاظ کا استعمال کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

جسٹس وحید خان نے خاتون اشباء کامران کی درخواست پر سماعت کی، جس میں وزیر اعظم کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی۔

عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ درخواست قابل سماعت ہے یا نہیں، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے بھی یہی سوال اٹھایا تھا اور اٹارنی جنرل نے واضح کیا تھا کہ وزیراعظم نے یہ بات موجودہ ججز کے بارے میں نہیں کی۔

عدالتی استفسار پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے بتایا کہ سپریم کورٹ کا ابھی تحریری حکم نہیں ملا، عدالت نے درخواست پر کارروائی دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔

عدالت نے ہدایت کی کہ سرکاری وکیل درخواست کے قابل سماعت ہونے پر معاونت کریں۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیر اعظم نے 28مئی کو اپنے خطاب میں عدلیہ پر تنقید کی اور ججوں کے بارے نازیبا الفاظ استعمال کیے اور وزیر اعظم کا یہ اقدام عدالت کی توہین کے زمرے میں آتا ہے، اس لیے ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔

Comments





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں