’مولانا جمہوری آدمی ہیں وہ پی ٹی آئی کے ٹرک پر نہیں بیٹھیں گے‘

پشاور: گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان جمہوری آدمی ہیں وہ پی ٹی آئی کے ٹرک پر نہیں بیٹھیں گے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا اور پی ٹی آئی مل رہے ہیں تو یہ قیامت کی نشانی ہے، انتظار میں ہوں فضل الرحمان اور علی امین گنڈا پور ایک ٹرک میں عوام سے خطاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنی زیادتیوں پر معافی مانگی تھی، ٹوئٹر پر پی ٹی آئی اب پیچھے ہٹ رہی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں صورتحال مختلف ہے، کے پی میں امن و امان کا مسئلہ ہے، کچھ لوگوں کو پی ٹی آئی حکومت نے صوبے میں بسایا انہوں نے ہتھیار اٹھا لیے۔

گورنر کے پی نے کہا کہ پاکستان کے آئین کو ماننے والوں سے بات ہوسکتی ہے، فاٹا کو ٹیکس نیٹ میں لانا زیادتی ہوگی، کے پی حکومت کے ساتھ فلمی ڈائیلاگ میں نہیں الجھنا چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ کے پی سوشل میڈیا اور زمین پر مختلف ہے، انہوں نے بجٹ میں تین ارب تعلیم کے لیے رکھے تھے لیکن تعلیم پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ مجھے اپنے وزیراعلیٰ کی مجبوریوں کا احساس ہے اب میں ان کے سخت جملوں کا جواب نہیں دوں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مل کر خیبرپختونخوا کا مقدمہ بنا کر وزیراعظم کے سامنے پیش کرنا ہے، وزیر اعلیٰ سے کہوں گا مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھ کر مسائل کا حل تلاش کریں۔

Comments





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں