پی ایس ایل بہترین ٹورنامنٹ حصہ بننے پر خوشی ہوگی: ٹم ساوتھی



برمنگھم(ڈیلی پاکستان آن لائن )نیوزی لینڈ کے فاسٹ باولر ٹم ساوتھی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ زبردست ٹورنامنٹ ہے جسے میں فالو کرتا ہوں اور مجھے مستقبل میں پی ایس ایل کا حصہ بننے پر خوشی ہوگی۔

برمنگھم میںنجی ٹی وی جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باولر ٹم ساوتھی نے کہا کہ دو سال قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم کے ساتھ پاکستان کا دورہ کیا تھااور پاکستان کے حوالے سے بہت سی خوشگوار یادیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ دورہ پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے دوران کراچی کے کھانوں اور میزبانی سے خوب لطف اندوز ہوا۔کیوی باولر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی وکٹیں فاسٹ باولر کے لئے چیلنجنگ ہوتی ہیں اور مجھے ان سخت کنڈیشنز میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا بہت مزا آیا اور یہ ایک اچھی سیریز تھی۔ٹم ساوتھی سے پوچھا گیا کہ آپ دی ہنڈرڈ اور انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کھیل چکے ہیں لیکن پاکستانی شائقین آپ کو پاکستان سپر لیگ میں کھیلتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، اس پر آپ کیا کہیں گے ؟انہوں نے جواب دیا کہ مجھے پی ایس ایل کا حصہ بننے پر خوشی ہوگی اور میں پی ایس ایل کو فالو کرتا ہوںِ جو بہت اچھا ٹورنامنٹ ہے۔کیا پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی اور نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان میں ٹیم کا حصہ ہوں گے ؟انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا، یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا، انٹرنیشنل کرکٹ میں ون ڈے ورلڈکپ ، ٹی20 ورلڈکپ کے بعد اب چیمپئنزٹرافی ہونے جارہی ہے، امید ہے پاکستان اس کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ٹم ساوتھی نے مزید کہا کہ دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں برمنگھم فینیکس کی نمائندگی کرنے پر خوشی ہے، ٹی20 کی طرح دی ہنڈرڈ فارمیٹ بھی زیادہ بولرز فرینڈلی نہیں ہے۔





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں