بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد کے نئےشیڈول کا اعلان



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی آمد کے تبدیل شدہ شیڈول کا اعلان کردیا۔

پی سی بی اعلامیے کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 17 اگست کے بجائے اب 13 اگست کو لاہور پہنچے گی۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچز کھیلنے پاکستان آرہی ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ میچز راولپنڈی اور کراچی میں بالترتیب 21 سے 25 اگست اور 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش کرکٹ ٹیم کو پہلے 17 اگست کو اسلام آباد پہنچنا تھا، وہ اب 13 اگست کو لاہور پہنچے گی۔

ٹیم 14 سے 16 اگست تک قذافی سٹیڈیم میں ٹریننگ کرے گی اور 17 اگست کو اسلام آباد جائے گی، 18 سے 20 اگست تک راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کرے گی۔

ڈھاکہ  میں حالیہ واقعات کی وجہ سے بنگلادیش ٹیم کی تیاریاں متاثر ہوئی ہیں لہٰذا پی سی بی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو اپنی ٹیم پہلے بھیجنے کی دعوت دی تھی۔

پی سی بی نے بی سی بی سے کہا تھا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ان کی ٹیم کو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میچز سے قبل مناسب ٹریننگ کے مواقع میسر ہوں۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ کھیل صرف جیت ہار کے بارے میں نہیں ہے، یہ دوستی کے بارے میں بھی ہے، ہمیں خوشی ہے کہ بنگلہ دیش نے ہماری سپورٹ کی پیشکش قبول کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ لاہور میں اضافی ٹریننگ سیشنز کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع فراہم کریں گے۔

سلمان نصیر نے یہ بھی کہا کہ اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اور چیلنجنگ حالات میں آئی سی سی ممبران کی حمایت اور مدد کرنے کے پی سی بی کے فلسفے کے مطابق کھیل کے فروغ، ترقی اور عالمگیریت میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کےلیے ہم نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو یہ پیشکش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ بی سی بی نے ہماری پیشکش کو قبول کر لیا اور 13 اگست کو لاہور میں بنگلا دیش مینز کرکٹ ٹیم کا روایتی مہمان نوازی کے ساتھ استقبال کرنے کے ہم منتظر ہیں، اس سے وہ اسلام آباد جانے سے پہلے لاہور میں 3 دن کی اضافی پریکٹس کر سکیں گے۔





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں