ارشد ندیم پیرس اولمپکس میں ملک کا نام روشن کرکے واپس وطن پہنچ گئے شاندار استقبال



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں پاکستان کو پہلا گولڈ میڈل جتوانے والے اتھلیٹ ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے ہیں، اس موقع پر شہریوں اور اعلیٰ حکام کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ 

تفصیلات کے مطابق پرواز ٹی کے 714 پر رات ایک بجکر 27 منٹ پر لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ پر لینڈ کی، ارشد ندیم کے طیارے کولاہور ائیرپورٹ پر واٹرکینن سیلیوٹ پیش کیا گیا،  ارشد ندیم پیرس سے ترکیے کے راستے لاہور پہنچے ہیں، قومی ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے شہریوں کا جم غفیر لاہور ائیرپورٹ پہنچ گیا،  وفاقی وزیراحسن اقبال،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور شزا فاطمہ حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے، پاکستان ایتھلیٹک فیڈریشن کے صدر وجاہت حسین بھی ارشد ندیم کا اسقبال کرنیوالوں میں شامل تھے۔

واضح رہے کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا۔مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوایا۔ارشد ندیم پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں