گزشتہ سال کانسی کا تمغہ جیتنے والے ارشد ندیم کا جونئیرنیزہ باز وزیراعظم کی اعلان کردہ انعامی رقم کا تاحال منتظر، تفصیلات سامنے آگئیں



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پیرس اولمپکس 2024ء میں تاریخی گولڈ میڈل جیتنے والے نیزہ باز زارشد ندیم پر انعامات کی بارش ہو رہی ہے اور وہ اس کے مستحق بھی ہیں تاہم گزشتہ سال ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے پاکستان کے نمبر 2نیزہ باز محمد یاسر سلطان وزیراعظم پاکستان کی طرف سے اعلان کردہ انعامی رقم کے تاحال منتظر ہیں۔
نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے پر وزیراعظم میاں شہباز شریف نے یاسر سلطان کے ساتھ ملاقات کی تھی اور ان کے لیے 50لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا، تاہم یاسر سلطان کو یہ رقم ایک سال گزر جانے کے باوجود نہیں مل سکی۔
لاہور میں اپنے والد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے یاسر سلطان نے کہا کہ ’’میرے والد روزانہ پوچھتے ہیں، میں کال کرتا ہوں لیکن مجھے جواب نہیں ملتا۔ میں ایشیاء کا کانسی اور سلور میڈلسٹ ہوں۔میںچکر لگا لگا کر تھک گیا ہوں۔ جس طرح گھر جا کر ارشد ندیم کو انعام دیا گیا، مجھے بھی ایسے ہی ملنا چاہیے تھا۔‘‘
یاسر سلطان کا کہنا تھا کہ ’’ارشد ندیم کی جیت کا دن ہمارے لیے دگنی خوشیوں کا دن ہے۔ ارشد ندیم نے ملک کا نام روشن کیا۔ میرا بھی یہی مقصد ہے۔ میں ارشد ندیم کا جونیئر ہوں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ’’ہم سے یکساں سلوک نہیں کیا جاتا ۔ مجھے باہر جا کر کھیلنے کی آفرز آتی رہتی ہیں۔ دبئی اور دیگر کئی ممالک سے آفرز ہیں۔ ہمیں عزت دی جائے۔ ہم گھر چلانے کے لیے پیسے نہیں مانگتے۔‘‘





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں