شکیب الحسن کو بنگلہ دیش واپس بلانے کیلئےکرکٹ بورڈ کو لیگل نوٹس



ڈھاکہ (ڈیلی پاکستان آن لائن)بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن پر گزشتہ روز ڈھاکہ میں درج ہونے والے قتل کےمقدمے پر وکیل محمود عالم نےبنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو لیگل نوٹس بھجوادیا۔

بنگلہ دیش کے اسٹار کرکٹ آل راؤنڈر اور عوامی لیگ سے تعلق رکھنے والے سابق رکن اسمبلی شکیب الحسن پر ڈھاکہ میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق شکیب الحسن پر ڈھاکہ میں گارمنٹ فیکٹری کے ملازم کے قتل کا الزام عائدکیا گیا ہے، مقتول کے والد نے ڈھاکہ کے تھانے میں شکیب الحسن کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا۔

 میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ کرکٹر شکیب الحسن کو سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے ساتھ مقدمہ قتل میں نامزد کیا گیا ہے۔

وکیل کی جانب سے بی سی بی کو بھجوائےگئے لیگل نوٹس میں کہا گیا ہےکہ شکیب الحسن کو تحقیقات کے لیے واپس بنگلہ دیش بلایا جائے۔

نوٹس میں کہا گہا ہے کہ شکیب الحسن کو فوری طور پر ٹیم سے نکال کر واپس بنگلہ دیش بلایا جائے، آئی سی سی رول کے مطابق مقدمے میں نامزدگی کے بعد شکیب قومی ٹیم میں کھیلنے کےاہل نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ شیخ حسینہ واجد 5 اگست کو طلبا احتجاج کے باعث وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دیکر بھارت فرار ہو گئی تھیں جہاں وہ اب تک قیام پذیر ہیں جبکہ شکیب الحسن پاکستان کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں اپنی قومی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں