ابرارالحق نے ارشد ندیم کو 15 لاکھ روپے نقد انعام دیدیا



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستانی میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار ابرار الحق نے پیرس اولمپکس 2024 میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کو 15 لاکھ روپے نقد انعام دیا ہے۔

 حال ہی میں ابرار الحق نے لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔اس موقع پر ارشد ندیم نے کہا کہ میں کبھی تکبر نہیں کروں گا اور ہمیشہ پوری دُنیا میں پاکستان کا نام روشن کرتا رہوں گا، میرے لیے مزید دُعا کرتے رہیں۔

ارشد ندیم نے کہا کہ ایک کہاوت ہے کہ پھل ہمیشہ اُسی درخت پر لگتا ہے جو جُھکا ہوا ہوتا ہے، میں بھی ہمیشہ جُھکا ہوں اور میری عاجزی کی بدولت اللہ تعالیٰ نے مجھے بےانتہا عزت سے نوازا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ ابھی تو میں نے اولمپک گیمز میں ریکارڈ قائم کیا ہے لیکن انشااللہ! مستقبل میں ورلڈ ریکارڈ قائم کروں گا۔

اس تقریب میں ابرار الحق نے ارشد ندیم کی تاریخی فتح پر اُنہیں 15 لاکھ نقد رقم بطورِ انعام دی اور ساتھ ہی ‘سہارا فار لائف میڈیکل کالج’ کی گراؤنڈ ارشد ندیم کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا۔





Source link

اپنا تبصرہ لکھیں