آرپی او آفس میں ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا ساتواں اجلاس

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر حیدر اشرف کی زیر قیادت آرپی او آفس میں ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا ساتواں اجلاس منعقد ہوا ۔جس میں ہیڈ کنسٹیبلان کو اے ایس آئی ور اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دینے پر غور کیا گیا ۔کمیٹی میں سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ کے علاوہ ریجن بھر کے ڈی پی او ز بذریعہ ویڈیو لنک شامل ہوئے۔
کمیٹی کے ممبران نے ملازمین کے سروس ریکارڈکی چھا ن بین ، کردار ، شہرت اور کام سے دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے 35ہیڈ کنسٹیبلان کو اے ایس آئی کے عہدہ پر جبکہ46 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سب انسپکٹر کے عہدے پرپروموٹ کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسرڈاکٹر حیدر اشرف نے ترقی پانے والے افسران کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ محکمہ کا ایک اہم حصہ ہیں ۔
ترقی یاب ہونے سے ان کے کندھے پر ذمہ داریوں کا بوجھ بڑھ گیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہ ان ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں گے اور اپنے کام کو بوجھ نہیں سمجھیں گے۔آر پی او نے ہدایت کی کہ فرائض کی بجا آوری میں خوف خدا کا عنصر شامل کریں۔ تندہی، ایمانداری اور دیانتداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقہ سے نبھاتے ہوئے اختیارات کوجرائم کے خاتمے ،قانون کی عملداری اور عوام کی فلاح کے لئے استعمال کریں۔ شہریوں کے جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیح ہو نی چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں