عوام الناس کے تعاون کے بغیر ڈینگی کی بیماری سے چھٹکارہ ممکن نہیں۔ ،پرنسپل گوجرانوالہ میڈیکل کالج

پرنسپل گوجرانوالہ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر اقبال حسین ڈوگر اور میڈیکل سپرنٹینڈنٹ گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر ارشاد اللہ نے اینٹی ڈینگی ڈے کی مناسبت سے ہسپتال میں منعقدہ سیمینار اور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مشترکہ بیان میں کہا ہےکہ ڈینگی سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے سے ہم نہ صرف اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھ سکتے ہیں بلکہ اپنے آپ کو مچھروں کی افزائش سے بھی پاک کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزیدکہاکہ جب تک عوام الناس اس عمل میں حصہ نہ لیں گے تب تک اس ڈینگی کی بیماری سے چھٹکارہ ممکن نہیں۔ انہوں نے ہرفرد معاشرہ کو تاکید کی کہ وہ ڈینگی بیماری سے خود اور اپنے بچوں کو بچانے کے لئے اپنے گھروں اورارد گرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اس سے نہ صرف ڈینگی بلکہ دیگر کئی بیماریوں سے محفو ظ رہا جا سکتاہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے کے لیے مون سون سے قبل ہسپتال کے تمام عملہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ شہری ماحول کو صاف اور خشک رکھیں اور ڈینگی سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر اپنائیں ہم اپنے گھروں اور دفاتر میں ڈینگی لاروا کی پہچان کریں اور اسے تلف کریں تاکہ اپنے آپ کو بھی مچھروں کے کاٹنے سے محفوظ رکھا جاسکے۔
انہوں نے احتیاطی تدابیر کو دوسرے لوگوں تک بھی پہنچانے پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہم اس لاروا کو بر وقت تلف کر دیں اور اس کے افزائش کے ممکنہ اسباب کو ختم کرنے سے قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ڈینگی سیمینار اور واک میں ہسپتال ہذا کے ڈاکٹرز،نرسز اور پیرامیڈکل سٹاف نے بھرپور شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں